اوسلو(ناصر اکبر) سُندرے نورستراند مسلم سنٹر اور فوروست مسلم سنٹر ناروے نے باہمی اشتراک سے ناروے میں جاری عالمی اسٹریٹ چلڈ رن فٹ بال کپ میں شریک پاکستان کی ٹیموں بیٹر فیوچر پاکستان اور اسٹریٹ چائلڈ مسلم ہینڈز کے اعزاز میں عشایئے کا اہتمام کیا۔ دونوں ٹیموں کی آمد پر سُندرے نورستراند مسلم سنٹر کے صدرراجہ محمد اقبال ،نائب صدر چوہدری محمد منشا خان، فوروست مسلم سنٹر کے صدر راجہ مجید، امتیاز ورائچ، ظاہر اسلام، غلام عباس، عتیق احمد، فیصل بٹ اور مسجد انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کا استقبال کیا۔ عشائیے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ قاری نور علی سیالوی نے تلاوت کی۔ نعت رسول مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت علامہ اسرار احمد نے حاصل کی۔ عشائیے میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر حافظ جمیل نے انجام دئیے۔ عشائیے میں سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر کمیونٹی قونصلر آصف حمید ،چوہدری رفاقت علی، اسٹریٹ چائلڈ مسلم ہینڈ کے سید ضیاءالنور، بیٹر فیوچر پاکستان کے چیئرمین محمد سلیمان نے اظہار خیالات کیا۔ اس موقع پر سُندرے نورستراند مسلم سنٹر اور فوروست مسلم سنٹر کی طرف سے بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال ٹیم اور اسٹریٹ چائلڈ مسلم ہینڈ فٹبال ٹیم کو کیش انعامات دیئے گئے۔ عشائیے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے علاوہ پاکستان کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ استقبالیہ میں زبیر ظاہر اسلام، اختر چوہدری، طلعت بٹ، عزیزالرحمٰن، راجہ افتخار کیانی، راجہ قیوم کیانی، راجہ ریاض کیانی، شیخ عمران، طارق فاروق انصاری، ریحان طاہر اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔