مانچسٹر ایئرپورٹ پر 23 جولائی کو پیش آنے والے واقعے پر وکیل اور خاندان نے بیان جاری کیا ہے۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے وکیل عامر انور نے کہا کہ ایئرپورٹ کے واقعہ میں فیملی کو نسلی تعصب اور اسلامو فوبیا کا نشانہ بنایا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پولیس کے تشدد کو جائز قرار دینے کی مہم چلائی گئی۔ حملے پر پولیس کی طرف سے سنجیدہ تحقیقات کی کوشش نہیں کی گئی۔
عامر انور نے کہا کہ ہم میئر مانچسٹر اور ڈائریکٹر ای او پی سی سے ملاقات کرکے حقائق بتائیں گے۔ ایئرپورٹ حملہ پر میڈیا کو حقیقت کے خلاف معلومات بتائی گئیں۔ حقائق کو جان بوجھ کر تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
عامر انور نے کہا کہ پولیس کی طرف سے حقائق کو توڑنے موڑنے کی کوشش ناقابل قبول اور مایوس کن ہے۔ متاثرہ خاندان کے ارکان سمجھتے ہیں کہ یہ پولیس ہماری نمائندگی نہیں کرتی۔ متاثرہ خاندان چاہتا ہے پولیس والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انھوں نے کہا متاثرہ خاندان سمجھتا ہے دائیں بازو کے مظاہروں میں پولیس کا کردار قابل تعریف ہے۔ فسادات میں پولیس پر حملوں کے باوجود انہوں نے قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔
عامر انور نے کہا کہ پولیس کی طرف سے طاقت کا استعمال مناسب اور قانون کے مطابق ہونا چاہئے۔