مانچسٹر(ابرار حسین، جنگ نیوز) برطانوی پولیس نے پاکستانی نژاد شہریوں کو ایئرپورٹ پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مانچسٹر ایئر پورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں پر انسانیت سوز تشدد کی ویڈیوز سامنے آئیں۔ رپورٹ کے مطابق واقعہ مانچسٹر ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو پر پیش آیا جس میں قطر سے واپس آنے والی فیملی کے اراکین کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے ایک نوجوان کو پیچھے ہاتھ باندھ کر زمین پر لٹایا ہوا تھا تو اسی دوران مانچسٹر پولیس کے ایک اہلکار نے اُس کے سر پر لاتیں ماریں جبکہ متاثرہ نوجوان کے گرد دیگر مرد اور ایک خاتون اہلکار بھی موجود تھی۔پولیس کی جانب سے زمین پر لٹائے گئے نوجوان کے قریب گھرانے کی ایک بوڑھی خاتون بھی بیٹھی تھیں۔خاتون اہلکار کی کال پر پولیس کے دیگر اہلکار بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے ایک شخص کو زمین پر اوندھے منہ جبکہ دوسرے کو ہاتھ اوپر کر کے قریب میں کرسی پر بیٹھا دیا تھا۔واقعے کی فوٹٰج بنانے والے شخص نے بتایا کہ تقریبا دس کے قریب اہلکاروں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران ایئرپورٹ پر موجود تمام ہی لوگ خوفزدہ ہوئے جبکہ وہاں پر بھگدڑ بھی مچی۔اُدھر گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر دو مسافروں کے درمیان جھگڑا ہورہا تھا جس کو ایک خاتون اہلکار نے روکنے کی کوشش کی تو مسافر کی جانب سے خاتون اور دیگر دو اہلکاروں پر تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں خاتون کی ناک کی ہڈی ٹوٹی جبکہ دیگر دو زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق وقوعہ سے پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے چار افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ پانچ اہلکاروں کو معطل کر کے 7 اہلکاروں کے خلاف ویڈیوز کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔