• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی پالیسی پُر عزم ہے، عاصم افتخار احمد

پیرس (رضا چوہدری) جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس نے آصف جرال کی قیادت میں اولمپکس کے پس منظر کے ساتھ پیرس میں کشمیر کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کی غیر قانونی منسوخی پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا اس موقع پرمقررین نے بھارت کے5اگست2019 کےاقدامات کی مذمت کی اور کشمیر کو بھارتی ظلم کے طوق سے آزاد کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مظلوموں اور شہداء کو یاد کرتے ہوئے کشمیر کے منصفانہ مقصد کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فرانس میں سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تقدس پر زور دیتے ہوئے کشمیر پر حکومت پاکستان کی پر عزم پالیسی کا اعادہ کیا۔مزمل ایوب ٹھاکر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ رائے عامہ کو تبدیل کرنے کے لیے وسیع تر کمیونٹی کے ساتھ مشغول رہیں جیسا کہ فلسطینی بیانیہ کے ساتھ کامیابی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ظفر قریشی نے حاضرین کو آرٹیکل 370اور 35اے کی تاریخ یاد دلاتے ہوئے مزید کہا کہ کشمیر میں نا امیدی نہیں ہے لہٰذا پاکستانیوں کو ثابت قدم رہنا چاہیے۔سرفراز ساہی، راجہ اشفاق کیانی، چوہدری ذوالفقار نگیال، شفیق اصغر خان، مرزا عتیق، مشتاق پاشا، عمران بشیر، ذوالفقار عزیز، حسن میر قادری، سردار مان سنگھ، زاہد نصیحت اور حفیظ نےبھی خطاب کیا جبکہ فرانس میں پاکستانی سفارت کی طرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پرامن حل علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔اس بات کا اظہار بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کو بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں کے 5 سال مکمل ہو نے کے موقع پر فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر پوسٹ میں کیا گیا۔ پوسٹ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرے اور کشمیر پر اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

یورپ سے سے مزید