ڈاکٹر یونس کی سربراہی میں بنگلا دیش کی عبوری حکومت آج حلف اٹھائے گی۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر یونس دارالحکومت ڈھاکا پہنچ گئے ہیں جہاں صدر محمد شہاب الدین نئی عبوری حکومت سے حلف لیں گے، عبوری حکومت ابتدائی طور پر تقریباً 15 ارکان پر مشتمل ہو گی۔
مقامی میڈیا کے مطابق تقریبِ حلف برداری ڈھاکا کے دربار ہال میں آج رات 8 بجے ہو گی، جس میں 400 افراد شرکت کریں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش میں17 سال بعد عبوری حکومت بننے جا رہی ہے، طلبہ نے ڈاکٹر یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ بنانے کی تجویز دی تھی۔
واضح رہے کہ صدر محمد شہاب الدین نے منگل کو پارلیمنٹ تحلیل کر دی تھی اور اب عبوری حکومت کے ایڈوائزرز کا انتخاب سول سوسائٹی اور دیگر شعبوں سے کیے جانے کا امکان ہے۔
عبوری حکومت میں شامل افراد کی سرکاری فہرست کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیشی وزیرِ اعظم حسینہ واجد ایک ماہ سے جاری عوامی احتجاج کے بعد گزشتہ پیر کو ملک سے فرار ہو گئی تھیں جس کے بعد فوج نے اقتدار سنبھالتے ہی عبوری حکومت بنانے کا اعلان کر دیا تھا۔