لندن (سعید نیازی) پاکستان کا روشن مستقبل اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی وابستہ ہے اور ہمارے پڑھے لکھے نوجوان ہی پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار بیسٹ وے گروپ کے چیف ایگزیکٹو لارڈ ضمیر چوہدری نے بیسٹ وے فاؤنڈیشن کے تحت اسکالر شپ حاصل کرکے برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلبہ کے اعزاز میں منعقد ظہرانے کے موقع پر جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گروپ کے چیئرمین سرانور پرویز ، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیات بھی شریک تھیں۔ لارڈ ضمیر چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے 16 طلبہ اسکالر شپ کے تحت برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان کی تعداد میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی نسل کو اگر اعلیٰ تعلیم نہیں ملے گی تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔ تعلیم انتہائی ضروری ہے ،ان پروگراموں کے علاوہ پاکستان میں بھی فاؤنڈیشن کے تحت اسکالرشپ دی جاتی ہے متعدد اسکولز بھی چل رہے ہیں۔ اس سال دو نئے اسکول بھی قائم کئے ہیں جن پر صرف ہر بلڈنگ کی تعمیر پر دو ملین پاؤنڈ لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسکالر شپ کیلئے منتخب ہونے والے طلبہ میں فاؤنڈیشن کا کوئی کردار نہیں ہوگا بلکہ یہ تمام عمل میرٹ پر ہوتا ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ لارڈ ضمیر چوہدری کی یہ کاوش انتہائی شاندار ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں کیونکہ تعلیم سے زیادہ اہم کوئی بات نہیں ہے۔ ان کے علاوہ چند تنظیمیں بھی پاکستان میں طلبہ کی مدد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صاحب حیثیت پاکستانیوں کو بھی چاہئے کہ وہ لارڈ ضمیر چوہدری کی اس کاوش کی تقلید کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان ہائی کمیشن بھی اپنی پوری مدد فراہم کرے گا اس لئے میں یہاں موجود بھی ہوں اور لارڈ ضمیر چوہدری کے فلاحی کاموں پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ برینٹ کونسل کے میئر طارق ڈار نے کہا کہ اسکالر شپ کا یہ پروگرام ذہین پاکستانی طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا بہترین موقع ہے۔ طلبہ کیلئے بھی یہ اچھا موقع ہے کہ جب وہ تعلیم مکمل کرلیں تو واپس جاکر اپنے وطن کی خدمت کریں اور پھر دوسروں کیلئے بھی وہ ہی کریں جو ان کے دوسروں نے کیا ہے۔ اسکالرشپ کے تحت برطانیہ آنے ولے چند طلبہ علیزے طارق پراچہ، آمنہ حمید، عابد علی اور انس ملک سمیت دیگر طلبہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی اعلیٰ یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب اسکالر شپ کے تحت پورا ہوا اور وہ یہاں سے تعلیم حاصل کرکے اس کا اطلاق پاکستان میں کریں گے تاکہ ہمارا وطن ترقی کرے اور ہمارے جیسے مزید طلبہ آگے آئیں انہوں نے خصوصاًسرانور پرویز اور لارڈ ضمیر چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔