• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں منعقدہ فوڈ نمائش میں بلجین کمپنیوں کی شرکت

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام پاکستان میں آج 9 اگست ( جمعہ) کے روز سے شروع ہونے والی نمائش(FoodAg 2024) فوڈ اے جی 2024 میں بلجیم سے ایک بڑا وفد شریک ہورہا ہے۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں پاکستان سے دنیا بھر کو ایکسپورٹ ہونے والی مصنوعات بشمول پھل، سبزیاں، گوشت ، ڈرائی فروٹس، سی فوڈ، پولٹری کی مصنوعات، چاول، کنفیکشنری، شہد،تیل اور گھی،نمک، تمباکو ، کھجور،پیاز،سٹرس اور آم فراہم کرنے والی کمپنیاں اپنے سٹال لگائیں گی۔ انہی اشیاء کی ویلیو ایڈیشن کرنے والی کمپنیاں بھی اپنی مصنوعات کو دنیا بھر سے آنے والے خریداروں کے سامنے پیش کریں گی۔ سفارت خانہ پاکستان برسلز میں تعینات ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اتاشی رانا بلال خان کے مطابق ٹی ڈیپ کی اس دوسری سالانہ نمائش میں دنیا کے 55 ممالک سے 400 سے زائد خریدار آرہے ہیں۔ پاکستان سے اس سیکٹر میں کام کرنے والی 300 کمپنیاں 200 سے زائد مختلف مصنوعات کو خریداروں کیلئے پیش کریں گی ۔ علاوہ ازیں اس موقع پر 50 سے زائد ایگرو انوسٹرز بھی پاکستان میں اس شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں گے ۔ اس نمائش میں یورپین دارالحکومت برسلز میں قائم پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سمیت فوڈ سیکٹر میں کام کرنے والی کئی بیلجئین کمپنیوں کے نمائندگان بھی شریک ہو رہے ہیں جس کیلئے برسلز میں تعینات سفیر پاکستان آمنہ بلوچ سمیت ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ افسر بلال خان نے بہت محنت کی ہے۔ جبکہ سفیر پاکستان نے وہاں سے روانگی سے قبل ان کمپنیوں کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کرکے ان لوگوں کو پاکستان کے ساتھ تجارت کیلئے راغب کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ان کمپنیوں کو یہ یقین دلایا گیا تھا کہ حکومت پاکستان اور برسلز میں موجود سفارت خانہ ان کے اس دورے کو کامیاب بنانے کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گا۔
یورپ سے سے مزید