کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی قومیں ہماری جان اور شان ہیں ، قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا اور اقلیت کو برابر کا شہری قرار دے کر ان کے تمام حقوق کے تحفظ کا اعلان کیا تھا ، اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری بیان میں سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ سندھ میں بسنے والے تمام اقلیتی برادری کے لوگ ہمارے بھائی ہیں ، حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ہے اور اقلیتوں کو تحفظ دینے کے لیے کوشاں رہے ہیں ، مگر بدقسمتی سے سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کی نااہلی اور بددیانتی کے باعث سندھ میں صدیوں سے بسنے والے ہمارے ہندو بھائی عدم تحفظ کا شکار ہیں ، ان کے اوپر مظالم دن بدن بڑھتے جارہے ہیں ، اغوا برائے تاوان کے باعث ہندو بھائی سندھ چھوڑنے پر مجبور ہے ، اغوا ہونے والی معصوم بچی پریا کماری کو اغوا ہوئے تین سال سے زیادہ کا عرصہ گذر چکا ہے سندھ کے حکمران اغوا کاروں کا تحفظ کر رہی ہے جس کے باعث ہندو برادری بہت مایوس نظر آرہی ہے۔