لاہور(خبرنگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا کل 13 اگست کو مال روڈ پرآزادی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان ،جس میں یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف سٹالز اور نظریہ پاکستان اور تاریخ پاکستان سے متعلق تصویر نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔محمد سرور چوہدری چیئرمین شعبہ خدمت خلق پا3کستان مرکزی مسلم لیگ نے کہا کہ اس وقت قوم مایوسی کا شکار ہے اور مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ،دوسری طرف بیرونی سازشوں کے ذریعے اس ملک کے نوجوان طبقے کو پاکستان سے متنفر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس آزادی فیسٹیول میں فری میڈیکل کیمپ ،بچوں کے لیے آزادی سٹال ،بلڈ ڈونرز کیمپ لگایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ماحولیاتی آلودگی بڑھنے کی وجہ سے خوراک کے مسائل، جنگلی حیات کا ناپید ہونا،صاف پانی کی قلت، معاشی مسائل، گلوبل وارمنگ اور دیگر مسائل بھی جنم لے رہے ہیں اور اس کا سب سے بڑا حل شجر کاری ہے اسی حوالے سے شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا جارہا ہے اور آزادی فیسٹیول کے موقع پر مختلف پودوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے ۔محمد سرور چوہدری نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ نسل نو میں نظریہ پاکستان کو زندہ کیا جائے کیونکہ نظریہ پاکستان ہی میں پاکستان کی بقاء ہے اس کے لیے آزادی فیسٹیول کے موقع پر تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں نظریہ پاکستان اور تحریک پاکستان سے متعلق تصویری خاکے دکھائے جائیں گے ۔