لوٹن (نمائندہ جنگ) کوآرڈینیٹر کشمیر سالیڈیریی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے اپنے بیان میں پاکستان کے ارباب اختیار پر زور دیا ہے کہ 14اگست کی خوشیوں کو دو بالا کرنے کیلئے قومی ہیرو عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے، انہوں نے برطانیہ کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی پرزور دیا کہ وہ برطانیہ میں 14اگست یوم آزادی پاکستان کی تقریبات ہر چھوٹے بڑے شہر اور کونسلز کے اندر جوش وخروش سے منائیں اور ان تقریبات میں نوجوان نسل، بچوں، خواتین اور دیگر کمیونٹیز کی بھی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش پاکستانی کشمیری ڈائسفرا پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے ہمہ وقت دعا گو ہے، انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر بطور کشمیری ہمارا عزم اور تجدید عہد ہے کہ ایک دن پوری ریاست جموں و کشمیر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی بھارتی قبضہ سے آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ کہ اس سال جب یوم آزادی منایا جا رہا ہے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والا رہنما عمران خان قید بے گناہی میں ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس دن کی لاج رکھتے ہوئے عمران خان اور تمام سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو اس وقت معاشی مسائل بڑے پیمانے پر درپیش ہیں، مہنگائی کا مسئلہ عروج پر ہے، دہشت گردی کا عفریت بھی پھر سر اٹھا رہا ہے، عمران خان دیانتدار اور بہترین رہنما کے طور پر پہچان رکھتے ہیں، ان مسائل سے ان کی قیادت میں ہی قوم عہدہ برآ ہو سکتی ہے، عمران خان کشمیریوں کے عظیم سفیر کے طور پر سامنے آ رہے تھے مگر صد افسوس کہ سازش کرکے ان کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا اور وطن عزیز پھر بدعنوان عناصر کے حوالے کر دیا گیا، ہم اوور سیز پاکستانی و کشمیری 14 اگست کے تاریخی دن کے موقع پر پاکستان کی حقیقی آزادی اور خوشحالی کیلئے تجدید عہد کرتے ہیں اور ہمیں بھرپور اعتماد ہے کہ ملک کے اندر درپیش چیلجز پر بھی پاکستان کے عوام بتدریج قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانوی پاکستانیوں کشمیریوں کا ریکارڈ رہا ہے کہ جہاں بھی ظلم اور زیادتی کو دیکھا ہے اس پر بھی آواز بلند کی ہے ہماری پاکستان سے کمٹمنٹ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہے پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم پاکستان کو دنیا کی خوشحال مملکت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں اور آزادئ کشمیر ہمارا مطمح نظر ہے۔