لاہور(جنگ نیوز)جماعت اسلامی نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے بجائے چند نکات پرمحمود اچکزئی کی حمایت کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے لیاقت بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ بڑی جماعتیں حکومت میں جاکر اپوزیشن دور میں کیے وعدے بھول جاتی ہیں۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کو ملاقات کیلئے دعوت تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے دی گئی، سابق وزیر محمد علی درانی ملاقات کیلئے اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے۔ذرائع نے بتایاکہ اپوزیشن اتحاد نے محمود اچکزئی کی قیادت اور مذاکراتی مینڈیٹ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے تمام جماعتوں سے مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ذرائع نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کے بعد اپوزیشن کی جماعتوں نے محمود اچکزئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے صرف بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ سمیت کارکنوں کے مسائل پر بریف کیا۔ذرائع کا کہنا تھاکہ صوبائی وسائل پرمقامی افراد کا آئینی حق تسلیم کرنے کی محمود اچکزئی کی تجویر کی حمایت کی گئی، اس پر محمود اچکزئی نے کہا ہم سب کو اپنی غلطیوں پر توبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں گفتگو کا آغاز مولانا فضل الرحمٰننے کیا اور اختتامی گفتگو محمود اچکزئی نے کی۔