جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ نے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی کی، جبکہ سفارت خانے کے عہدے داران سمیت پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں سفیرِ پاکستان نے جشنِ آزادی کی مناسبت سے حاضرین کو صدر اور وزیرِ اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ جاپانی شہریوں نے بھی شرکت کی اور سفیرِ پاکستان کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی۔
بعد ازاں سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ کمیونٹی میں گھل مل گئے، ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور جاپان میں مقیم تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں ہر فرد ارشد ندیم کے اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے پر ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کرتا نظر آیا۔
سفارت خانے میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت کرنے والی کمیونٹی اور جاپانی شخصیات کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
تقریب میں ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان، سینیئر رہنما رانا ابرار احمد، پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ، سینیئر مذہبی رہنما رئیس صدیقی، علامہ شکیل ثانی، اسلامک سرکل آف جاپان کے شاہد علی، شیخ عامر، عبد الرحمٰن صدیقی سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔