• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی سے قدیم نوادرات عشروں بعد پاکستان واپس پہنچا دیے گئے

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

 اٹلی میں دریافت ہونے والے قدیم پاکستانی نوادرات عشروں کی طویل کوششوں کے بعد پاکستان کے حوالے کردیے گئے۔

یہ اقدام غیر قانونی طور پر لے جائے گئے ثقافتی ورثے کی بحالی کی طویل مہم کا تازہ ترین مرحلہ ہے۔

پاکستان کے سفارتخانے کے مطابق یہ نوادرات بلوچستان کی قبل از تاریخ کولی (Kuli) اور نال (Naal) تہذیبوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی تاریخ تقریباً 5 ہزار سال پرانی ہے، یہ قیمتی نوادرات 30 اکتوبر 2025 کو روم سے پاکستان پہنچائے گئے۔

اس سے قبل رواں سال اپریل 2025 میں میلان سے بھی ایک علیحدہ کھیپ واپس کی گئی تھی، جس میں سات تاریخی نوادرات شامل تھے، گزشتہ اٹھارہ سالوں کے دوران اٹلی سے تقریباً 100 قیمتی ثقافتی اشیاء پاکستانی حکام کے حوالے کی جاچکی ہیں۔

پاکستانی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ چوری شدہ اور اسمگل شدہ نوادرات کی بازیابی دو دوست ممالک کے درمیان مثالی تعاون کی علامت ہے۔

سفارتخانے نے اطالوی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ثقافتی ورثے کے تحفظ اور قدیم آثار کے احترام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی آثارِ قدیمہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید