• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پاک تیار

تصویر: سوشل میڈیا
تصویر: سوشل میڈیا

عراق سے تعلق رکھنے والے سنار علی زمان نے چھ سال کی انتھک محنت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا گیا قرآن پاک تیار کرلیا، جس کے ہر صفحے کی لمبائی چار میٹر اور چوڑائی ڈیڑھ میٹر ہے۔

1971 میں سلیمانیہ عراق میں پیدا ہونے والے علی زمان کو بچپن ہی سے اسلامی خطاطی کا بہت شوق تھا، 2013 میں زیورات سازی کا پیشہ چھوڑ کر وہ مکمل طور پر خطاطی کے فن سے وابستہ ہوگئے۔

2017 میں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ترکی کے شہر استنبول کے فاتح ضلع میں منتقل ہوئے تاکہ اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔

یہ عظیم الشان قرآن پاک مکمل طور پر ثلث رسم الخط میں روایتی قلم سے تحریر کیا گیا، جب اسے کھولا جاتا ہے تو ہر صفحہ تقریباً تین میٹر چوڑا نظر آتا ہے۔

علی زمان نے کسی جدید آلے کا استعمال نہیں کیا بلکہ ہر حرف کو اپنے ہاتھ سے انتہائی باریکی اور احترام سے لکھا، وہ استنبول کی محرمہ سلطان مسجد کے ایک چھوٹے کمرے میں دن رات اس کام میں مصروف رہے، صرف کھانے اور نماز کے وقت وقفہ کرتے۔

یہ منصوبہ مکمل طور پر ذاتی اخراجات سے انجام دیا گیا، حتیٰ کہ 2023 میں سنگین صحت کے مسائل کے باوجود انہوں نے کام ترک نہیں کیا۔

علی زمان نے شام، ملائیشیا، عراق اور ترکیہ میں خطاطی کے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں اول انعامات حاصل کیے، انہیں معروف اساتذہ سے اجازتِ خطاطی (اجازہ) بھی حاصل ہے۔

2017 میں انہوں نے ترکیہ کے انٹرنیشنل حلیہ شریف مقابلے میں امتیازی اعزاز حاصل کیا، جو انہیں صدر رجب طیب اردوان نے خود دیا۔

علی زمان نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ ایسا کام کرنا خوشی کی بات ہے جو بہت کم لوگ کر سکتے ہیں، ہر حرف میں میری روح، محنت اور عقیدت جھلکتی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید