اوسلو (ناصر اکبر) پاکستان یونین ناروے کےزیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کی تقریب کا انعقادکیا گیا تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں سمیت کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز محمداسجد نےتلاوت قرآن پاک سے کیا، نعت رسول مقبولﷺ محمد عبدالمنان نے پیش کی۔ تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے پیش کئے گئے ۔ تقریب میں پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام پاکستان اور ناروے پر بنایا گیا ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا پہلے مرحلے میں پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمر اقبال چوہدری اور مہمان گرامی نےجشن آزادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا، دوسرے مرحلے میں کڈنی سینٹر گجرات جو بے سہارا مسکین اور غریبوں کی مدد کیلئے بنایا گیا ہے، اس کیلئے فنڈ ریزنگ کی گئی اور تیسرے مرحلے میں پاکستان کے سنگر نورا لال اور ٹیڈی گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی، نارویجن پارلیمنٹرین مدثر کپور، عابد راجہ، رکن نارویجن پارلیمنٹرین ریگ مور اوسروڈھ، وزیر خارجہ کے سیکرٹری ایوند واد پیٹرسن، کڈنی سینٹر گجرات کے صدر میاں اعجاز شیخ، طارق محمود اور دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر قمر اقبال چوہدری نے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے اور سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی کے ہمراہ صحافیوں کو تعریفی اسناد سے نوازا، نارویجن سیاستدانوں نے اپنی پارٹی کا منشور پیش کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔ چوہدری قمر اقبال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نارویجن مہمانوں کا شکریہ جو ہمارے قومی دن جشن آزادی کے پروگرام میں شامل ہو کر اس دن کو ہمارے ساتھ منا رہے ہیں۔ سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ میں پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمر اقبال چوہدری کی شکر گزار ہوں جنہوں نے14 اگست کے پروگرام کو بہت اچھے طریقے سے ترتیب دیا اور اس پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا میں قومی دن کے موقع پر اپنے تمام قومی ہیروز اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے گجرات کڈنی سینٹر کے صدر محمد اعجاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں پر آپ کے پاس آئے ہوئے ہیں وہ پاکستان گجرات کڈنی ہسپتال میں غریب بے سہارا اور یتیم لوگوں کا فری علاج کرتے ہیں میری پروگرام میں آئے ہوئے تمام محب وطن پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ اس نیک کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ آخر میں نوراں لال امین ٹیڈی گروپ نے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شاہ رخ اور سائقہ تبسم نے انجام دیئے۔