• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیدرلینڈز: پاکستانی سفارت خانے میں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد

ـــ جنگ فوٹو
ـــ جنگ فوٹو

نیدرلینڈز میں پاکستانی سفارت خانے میں یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے طلباء، خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا اور اس کے بعد صدر مملکت، وزیراعظم  اور  وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سُنائے گئے۔

سلجوق مستنصرتارڑ نے اپنے خطاب میں تحریکِ آزادی کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آزادی کے حصول کے لیے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا۔ 

اُنہوں نے شرکاء کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کے بارے میں بتایا۔

سلجوق مستنصر تارڑ نے اس خاص دن کہ موقع پر مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و ستم برداشت کررہے ہیں۔

اُنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی کمیونٹی پاکستان اور نیدرلینڈز کے تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔

تقریب کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے آئے ہوئے موسیقاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ 

اُردو چرچ نیدرلینڈز سے تشریف لائے ہوئے گلوکاروں نے قومی گیت پیش کیا اور پاکستانی فنکاروں کے ایک گروپ نے آلاتِ موسیقی پر پرفامنس پیش کی۔

نیدرلینڈز کے (Clingendael Institute) میں زیرِ تربیت پاکستانی جونیئر ڈپلومیٹس نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس تقر یب کے اختتام پر ملک کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لئے دعائیں کی گئیں۔

خاص رپورٹ سے مزید