دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان، نیدرلینڈز نے پاکستان کا یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے طلباء، خواتین اور بچوں سمیت اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کا باقاعدہ اغاز تلاوت قرآن پاک سے حضرت مولانا حافظ غلام مصطفیٰ نقشبندی امام و خطیب پاکستان اسلامک سینٹر دی ہیگ نے کیا۔ تلاوت قران پاک کے بعد قومی ترانے کی دھن پر سفیرِ پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت پاکستان آصف علی زرداری وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کےخصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر پاکستان سلجوق مستنصرتارڑ نے اپنے خطاب میں تحریکِ آزادی کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے آزادی کے حصول کے لئے آبا ؤ ا َجداد کی لازوال قربانیوں کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے شرکاء کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کے بارے میں بتایا۔ اس خاص دن کے موقع پر سفیرِ پاکستان نے مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں، جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم وستم برداشت کررہے ہیں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور نیدر لینڈز کے تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔ اس تقریب میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں کاروباری شخصیات جن میں چوہدری مشتاق احمد، پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین محمد ارشد، صدر انور ثاقب، کشمیر پیس فورم کے جنرل سیکرٹری راجہ فاروق حیدر، پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز ہالینڈ کے سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر سمیت سیکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے آئے ہوئے موسیقاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اُردو چرچ نیدرلینڈز سے تشریف لائے ہوئے گلوکاروں نے قومی گیت پیش کیا اور پاکستانی فنکاروں کے ایک گروپ نے آلات موسیقی پر پرفامنس پیش کی نیدرلینڈز کے (Clingendael Institute) میں زیرِ تربیت پاکستانی (junior diplomats)نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقر یب کے اختتام پر حضرت مولانا پیر سید افتخار حسین شاہ امام و خطیب جامعہ مسجد غوثیہ روٹر ڈیم نے امت مسلمہ،ملک کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کیلئےحاضرین مجلس کشمیر، فلسطین کے مسلمانوں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی۔