• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشاعرے، ادبی تقاریب ہماری زبان و ثقافت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں، آفتاب چوہدری


شعرا اپنی شاعری کے ذریعے جس طرح سمندر کو کوزے میں بند کرکے اپنی باتوں کا اظہار کرتے ہیں، اس سے انسان کے اندر سوچ کا ایک سمندر پیدا ہوتا ہے اور اسی لیے معاشرے میں تعمیری سرگرمیوں کے فروغ اور مثبت اقدار کی ترویج کےلیے ادب کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بات پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن (امریکا) کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے ڈیلس میں معروف شاعرہ غزالہ حبیب کے شعری مجموعے"لامکاں" کی تعارفی تقریب اور عالمی مشاعرے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آفتاب چوہدری نے کہا کہ مشاعرے اور ادبی تقاریب ہماری زبان اور ثقافت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ عالمی مشاعرہ جو معروف فلاحی تنظیم،"ایدھی فاؤنڈیشن" کا فنڈ ریزر بھی تھا، برکت بسیریا، مولانا اصیل خان اور اقبال حسن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور وہ نہ صرف انسانیت بلکہ جانوروں کی بھی فلاح بہبود کےلیے فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر ایدھی کی خدمات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری بھی حاضرین کو دکھائی گئی۔ حاضرین نے دل کھول کر عطیات دیے جبکہ امریکا کی معروف سماجی شخصیت اور بزنس ٹائیکون جاوید انور کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن کےلیے 50 ہزار ڈالر عطیہ کا اعلان بھی کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف شعرائے کرام منظر بھوپالی، وصی شاہ اور مہمان خصوصی ڈاکٹر عامر قریشی نے غزالہ حبیب کی شخصیت اور شاعری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری مضبوط لہجے کی ایک توانا آواز ہے جس میں سماجی شعور کے ساتھ ساتھ کشمیر سے ان کی والہانہ محبت کی جھلک نظر آتی ہے۔ 

عالمی مشاعرے میں میزبان غزالہ حبیب، ڈاکٹر آصف قدیر، عقیل اشرف، فرحان سید، نادر درانی، فاطمہ زہرا جبین، مہمان اعزازی پاکستان سے آئے ہوئے معروف شاعر وصی شاہ اور صدر مشاعرہ بھارت کے معروف شاعر منظر بھوپالی نے اپنی خوبصورت شاعری سے مشاعرے کو چار چاند لگا دیے۔

بعدازاں شرکاء مشاعرہ کو یادگاری شیلڈز سے بھی نوازا گیا جن میں نیلوفر عباسی، اشرف بشیر، کرن حیات، اوشہ پیری، حائقہ خان اور دیگر شامل تھے۔ رات گئے تک جاری رہنے اورحاضرین محفل کی توجہ کا مرکز رہنے والا یہ مشاعرہ ڈیلس کی یادگار تقاریب میں سے ایک تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید