لندن (آصف ڈار) برٹش پاکستانیوں کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور بیرون ملک پروان چڑھنے والی پاکستانیوں کی نئی نسلیں اپنے آبائی وطن سے بہت محبت کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یوم آزادی کے موقع پر ساؤتھ ویسٹ لندن کے علاقے ٹوٹنگ کے ریستوران کے ہال میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن برطانیہ کی ہچم اور کرائیڈن برانچوں نے کیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان کی 78 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور اس یقین کا اظہار کیا گیاکہ پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان دن بدن ترقی کرے اوراس میں معاشی و سیاسی استحکام آئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور دوسرے ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کو ہمیشہ اپنے آبائی ملک کی فکر لاحق ہوتی ہے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی کی قدر کرنی چاہئے کیونکہ آزادی بہت مشکلات کے بعد ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا میں بہت سی اقوام ایسی ہیں جو محکوم ہیں۔ ان کو آزادی کی قدر کا بخوبی اندازہ ہے۔ پاکستانی قوم اس حوالے سے خوش نصیب ہے کہ اس کو قائداعظم جیسے لیڈر ملے جنہوں نے انہیں آزادی جیسی انمول نعمت سے نوازا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرنے والوں میں پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں رؤف شاہنواز ، محمد اعظم ،ایازنیازی سابق میئر سٹن کونسل محمد صادق،تمکین ریاض، نویداحمدسمیت دیگر نے اظہارخیال کیا۔ تقریب میں دوسروں کے علاوہ مولانا آصف،آسیہ صادق، طاہربیگ، انیسہ اعظم،جاوید عمر،نائلہ تمکین، جاوید قریشی اور وسیم خان بھی شریک تھے۔