بری (خورشید حمید) پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے گریٹر مانچسٹر کے ٹاؤن بری میں بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ٹاؤن ہال کے سامنے یونین اسکوائر میں قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں میئر آف بری کونسلر خالد حسین،ایم پی جیمز فرتھ،کونسلرز، کمیونٹی ،رہنما ،خواتین نے شرکت کی۔ میئر خالد حسین نے پاکستان کے پرچم کو قومی ترانہ کی دھن پرفضا میں بلند کیا۔روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم جیمز فرتھ ایم پی نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کیلئے گزشتہ چند ہفتے مشکلات کے تھے ،کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آیا ہوں ۔بری میں میرے حلقہ انتخاب میں پاکستانیوں کی اچھی خاصی تعدادآباد ہے۔ بری سمیت برطانیہ کے کسی شہر میں فسادات پھیلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، نسلی تعصب کمیونٹیز کو تقسیم کرنے والوں کو حکومت کوئی رعایت نہیں دے گی ۔میئر کونسلر خالد حسین، کونسلر تیمور طارق،کونسلرز شاہنہ ہارون ،کونسلر شہباز ،محمود عارف، کونسلر عمران رضوی ،راجہ شمیم ،کمیونٹی رہنما راجہ عادل اور دیگر نے کہا کہ14اگست کا تاریخی دن ہمیں قیام پاکستان کے حصول کیلئے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی یاد کراتا ہے۔ آزادی کی قدر اگر کسی سے پوچھنی ہو تو فلسطین کے مسلمانوں سے کوئی پوچھے جن پر اسرائیل مظالم ڈھا رہا ہیں اور اوور سیز پاکستانی اپنے وطن کوخوشحال ،مستحکم اور ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ارشد ندیم نےاولمپک کھیلوں میں گولڈ میڈل جیت کر نہ صرف پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے بلکہ جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرایا ہے ۔میئر چیمبر میں منعقدہ تقریب میں شرکاء کی تواضع کا بھی اہتمام تھا۔