گلاسگو (طاہر انعام شیخ) باقی دنیا کی طرح یوم آزادی پاکستان اسکاٹ لینڈ میں بھی بڑے ملی جوش و خروش سے منایا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں پاکستان کی خوشحالی، سلامتی اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائوں سے ہوا۔ صبح گیارہ پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود ایڈنبرا، ڈنڈئی اور دیگر شہروں سے بھی کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید اور گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے مل کر قومی ترانے کی گونج میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔ قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے اور کہا کہ پاکستان کو اس وقت جو سیاسی ، معاشی اور دہشت گردی کے مسائل درپیش ہیں اس کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں پاکستانی کمیونٹی اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان میں مقیم اپنے رشتہ داروں بلکہ ملک کی معیشت کی بہتری اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ا سکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور نے یوم پاکستان کی مبارکباد دینے کے ساتھ ہی مقامی کمیونٹی کو تلقین کی کہ گزشتہ دنوں ایک بے عقل قسم کی انتہائی محدود کمیونٹی نے آن لائن اسلاموفوبیا اور نسل پرستی پھیلانے کی کوشش کی، آپ غلط قسم کی افواہوں پر بالکل توجہ نہ دیں۔ یہ ملک ہم سب کا ہے ہمارے بچوں اور پھر ان کے بچوں کا ہے اس ملک کی بہتری اور ترقی کے لئے ہم سب متحد ہو کر کام کریں گے۔ آپ کے یہاں مضبوط ہونے سے آپ کے آبائی وطن پاکستان کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ گلاسگو کونسلر حنیف راجہ نے گلاسگو سٹی کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئےتمام شرکا کو مبارکبادپیش کی اور کہا کہ گلاسگو کی پاکستانی کمیونٹی مقامی معاشرے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار اداکر رہی ہے۔ راحت زاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا تھا اور انشااللہ یہ تاقیامت قائم رہے گا۔ اس کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون شامل ہے۔ تقریب کا آغاز عبدالہادی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ، آخر میں تمام مہمانوں کی تواضع کھانے سے کی گئی۔