جنیوا( پ ر) پاکستان تحریک انصاف سوئٹزرلینڈ کی جانب سے یو این او کے دفتر جنیوا کے سامنے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائی اور پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے سابق مشیر خاص ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی۔ پاکستان تحریک انصاف یورپ بھر کی باڈیز اور پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔ سابق صدر تحریک انصاف سوئٹزرلینڈ شکیل احمد نے استقبالیہ کلمات ادا کئے، اس موقع پر شرکا نے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے پیغام میں حکومت، عدلیہ اور طاقتور حلقوں سے مطالبہ کیا کہ ان کے قائد پر قائم غیر قانونی مقدمات کو فی الفور ختم اور ان کو باعزت بری کیا جائے اس کے ساتھ 09مئی کی پاداشت میں جیلوں میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بے گناہ کارکنان کو بھی رہا کیا جائے۔ پاکستان میں 08فروری 2024کو ہونے والے انتخابات میں جس طرح بدترین دھاندلی کی گئی اور تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرایا گیا اور ہٹ دھرمی سے اقلیت میں سیٹیں لینے والی جماعت کو اقتدار میں لایا گیا کسی بھی جمہوری معاشرے میں اس کو ناقابل معافی جرم تسلیم کیا جاتا ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی درجہ بندی اور فہرست میں پاکستان کا نام ان بد ترین ملکوں کی فہرست میں آتا ہے جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں معمول بن چکی ہیں۔ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو اس پر شدید تشویس لاحق ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ فوج کی ہم بے انتہا قدر کرتے ہیں، آج ہمارے قائد عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی اور دیگر رہنماؤں و کارکنان جیلوں میں ہیں ، مقصد صرف یہ ہے کہ حق کی آواز کو بند کیا جائے، انگریزوں نے ہمیں تقسیم کردیا تاکہ ہم قوم نہ بن سکیں، دنیا چاند پر جارہی ہے اور پاکستان میں دو سال سے کیا ہورہا ہے سب کو معلوم ہے۔ آزاد اور خودداری کی سوچ اور شعور عمران خان نے ہمیں دیا ہے ،پاکستان میں قانون کی بالادستی ہونی چاہئے، مختلف رائے کا اظہار ہونا چاہئے اور ہر کسی کی رائے کا احترام کرنا چاہئے اگر مسلم لیگ کی حکومت ہو تو ان کی بھی عزت اور ان کی خواتین کی بھی عزت کرنی چاہئے۔ اوورسیز میں آپ لوگ ایک دوسرے کو برداشت کریں ایک دوسرے کی عزت کریں، عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کی بے انتہا قدر کرتے ہیں،آپ اپنے قائد کے ہاتھ مظبوط کریں۔ آخر میں شہبازگل نے شاندار احتجاج منعقد کرنے پر تمام سوئٹزرلینڈ کے پینل کا شکریہ ادا کیا۔ اقوامِ متحدہ کے دفتر جنیوا کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمیشن میں عمران خان و دیگر اسیران کی رہائی کے حوالے سے اور حکومت کے خلاف شیر افضل اعوان (جنیوا) ،شکیل احمد (برن) نے پٹیشن جمع کروائی۔ پٹیشن کو تیار کرنے کا سہرا بیلا فاروق (ڈنمارک)، صائمہ صدف بابری (فرانس) ،خُرم شہزاد (سوئٹزرلینڈ) کے سر ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ بھی تمام ثبوتوں کے ساتھ جمع کروائی گئی۔