سینئر وائس چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن علی احسان نے بتایا ہے کہ ملک میں انٹر نیٹ میں خلل سے آئی ٹی انڈسٹری کو 30 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو میں سینئر وائس چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن علی احسان نے یہ بات بتائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر میں بڑی کمپنیوں کی شکایات ہیں کہ ان کی لائنیں متاثر ہوئی ہیں، فائر وال سے متعلق ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
علی احسان کا کہنا ہے کہ ہم مشاورت کرنا چاہتے ہیں، کام کرنا چاہتے ہیں، ہم ملک میں ڈالرز لے کر آتے ہیں۔
سینئر وائس چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ کل تک تو انٹر نیٹ کا مسئلہ حل نہیں ہوا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاید کوئی تنصیب کی جا رہی ہے جو ٹھیک طریقے سے اینٹی گریٹ نہیں ہو رہا۔