• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں اسمبلی میں بات کرنے نہیں دی جارہی، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمیں اسمبلی میں بات کرنے نہیں دی جارہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری 3 سیٹیں دوبارہ گنتی کی آڑ میں چھینی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے ہمیں بہت اُمیدیں ہیں، عوام نے مشکل حالات میں بانی پی ٹی آئی کا 8 فروری کو ساتھ دیا، ہم دھرنوں پر نہیں گئے، پارلیمنٹ گئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، اس حوالے سے اجازت نامہ (این او سی) مل گیا ہے، ہمارے لوگ پُرامن ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلیا ہے کہ پارٹی کے اندر استعفوں سے متعلق معلومات اب سامنے نہیں آئیں گی۔ حماد اظہر پارٹی میں کام جاری رکھیں گے، وہ مستعفی نہیں ہوں گے جبکہ شکیل خان کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو کئی انٹرویوز دیے ہیں، موجودہ دور حکومت مشرف سے بھی زیادہ خراب ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں اس حکومت میں ہوئیں، ہم حکومت میں آئیں گے تو کبھی ایسا نہیں ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید