مشیرِ خزانہ خیبر پختون خوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بانیٔ پی ٹی آئی کا وژن اور وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے منصوبے کاپی کر رہی ہیں۔
مزمل اسلم نے پنجاب کے ہاؤسنگ منصوبے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خیبر پختون خوا کا اپنا گھر منصوبہ بھی کاپی کر لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز زیرِ تربیت ہیں، ہم ان کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آج ’اپنا گھر اپنی چھت‘ پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔
لاہور آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ’اپنا گھر اپنی چھت‘ پروگرام کے لیے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ آج وہ اسکیم لانچ کرنے جا رہی ہوں جس کا مجھے انتظار تھا، پوچھا جا رہا تھا کہ کب اسکیم آ رہی ہے؟ لوگ انتظار میں ہیں، اس اسکیم کا سب سے زیادہ انتظار نوازشریف کو تھا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جس کے پاس اپنی چھت ہوتی ہے انہیں شاید اس کی قدر کم ہو، چھت کی خواہش کی شدت ان سے پوچھیں جن کے پاس گھر نہیں، گھر کی کمی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔