لزبن(جنگ نیوز) پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے گزشتہ روز پرتگال کے صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا کو ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ پاکستان کے سفیر کی بیلیم پیلس آمد پر فوجی دستے نے سلامی پیش کی اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھن بجائی گئی ۔ پرتگال کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس سے قبل نئے سفیر سے پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے راہنماؤں غضنفر جاوید، سید قاسم سجاد، سید مظہر علی شاہ، ذیشان جوئل، چوہدری صغیر نے ملاقات کی اور پرتگال آمد پر خوش آمدید کہا۔ کمیونٹی کی تنظیموں کے راہنماؤں نے کمیونٹی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان نے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کمیونٹی راہنماؤں کی خدمات کو سراہا۔