• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسیٰ خیل میں مسافروں کا قتل، صدر، وزیرِاعظم کا شدید غم و غصے کا اظہار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 23 مسافروں کے بہیمانہ قتل پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بےگناہ انسانوں کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دُشمن ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا۔

دہشتگردوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں گی: وزیرِ اعظم

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

شہباز شریف نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین سے مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موسیٰ خیل واقعے کے ذمے دار دہشت گردوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی قطعاً قبول نہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

 دہشتگرد عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے: وزیر اعلیٰ بلوجستان

وزیر اعلیٰ بلوجستان سرفراز بگٹی نے موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے 23 افراد کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کیا۔

اعلامیے کے مطابق سرفراز بگٹی نے کہا کہ موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، دہشت گرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کرے گی۔

نہتے لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے: اسپیکر

موسیٰ خیل میں مسافروں پر حملے کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی یہ کارروائی انتہائی شرمناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہتے لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، دہشت گردی کی کارروائیاں ہمارے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، قوم اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

 موسیٰ خیل کے قریب سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی: وزیرِ داخلہ

ادھر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بربریت دکھائی، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے، دہشت گردی کی جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید