• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیمپشائر کے چڑیا گھر میں زراف کی پیدائش سے خوشی کی لہر دوڑ گئی

لندن (پی اے) ہیمپشائر کے مارول چڑیا گھر میں بدھ کو مادہ زراف روبی نے ایک نر زراف کو جنم دیا ہے۔ چڑیاگھر میں زراف کی معجزانہ پیدائش سے چڑیا گھر کے عملے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ چڑیاگھر کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ نوزائیدہ زراف کی ماں روبی اور اس کے باپ Mburu سب کا تعلق Rothschild کے زراف سے ہے، جس کی نسل معدومیت کے خطرےسے دوچار ہے۔ یہ فطرت کو محفوظ کرنے سے متعلق بین الاقوامی یونین کی ریڈ لسٹ میں شامل ہے۔ نوزائیدہ زراف 5فٹ اونچا ہے، یہ 2012کے بعد مارول چڑیا گھر میں پیدا ہونے والا پہلا زراف ہے۔ 2012ہی میں نوزائیدہ زراف کی ماں روبی بھی پیدا ہوئی تھی۔ خاتون ترجمان نے بتایا کہ زراف کی پیدائش کے بعد زراف کا پنجرہ بند کردیا گیا تھا کیونکہ اس کو انفیکشن لگ گیا تھا، جس کا اینٹی بایوٹکس کے ذریعے علاج کرنے کی ضرورت تھی۔ ترجمان کے مطابق پہلی مرتبہ ماں بننے والی مادہ زراف روبی کوبھی بچے کے پیداہونے کا یقین نہیں تھا اور دونوں ہی چارہ کھانے میں دقت محسوس کر رہے تھے لیکن ہماری ٹیم نے باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے ان کو کھانے پر راغب کیا تاکہ نوزائیدہ کے جسم میں پانی کی کمی پیدا نہ ہوسکے کیونکہ اگر ابتدا میں فیڈنگ میں کامیابی نہ ہو تو ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق نوزائدہ زراف ابھی بھی خطرے سے خالی نہیں ہے کیونکہ نوزائیدہ بچوں میں انفیکشن کے خطرات بہت زیادہ ہوتے ہیں لیکن حالات بڑی حد تک مثبت یعنی اچھے نظر آرہے ہیں۔ چڑیا گھر کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ روبی کو معمول کے مطابق دردزہ ہونا شروع ہوا اور 4 گھنٹے کے درد زہ کے بعد بچہ پیدا ہوا۔ پہلی مرتبہ ماں بننے کی وجہ سے وہ کسی حد تک نروس نظر آرہی تھی لیکن سکون اور خاموشی اور ویٹرنری کی ٹیم کی کوششوں سے وہ معمول پر آگئی اور اب وہ مکمل طورپر صحت مند ہے۔ نوزائیدہ بچے کو پہلے یہ معلوم نہیں تھا کہ اسے دودھ کہاں سے ملے گا لیکن ویٹرنری کے عملے کی کوششوں سے وہ معمول کے مطابق دودھ پینے لگا۔ نیوہیم چڑیاگھر کے سینئر کیپر نے کہا کہ دوسرے نوزائیدہ بچوں کی طرح زراف کے بچے کی وجہ سے ویٹرنری کا عملہ کئی رات ٹھیک سے سو نہیں سکا لیکن ہمیں خوشی ہے کہ اب ماں اور بچہ دونوں ہی ٹھیک ہیں، ہر روز وہ پہلے سے زیادہ پراعتماد نظر آتے ہیں اور چڑیاگھر کے عملے اور اپنی دیکھ بھال کرنے والوں کو خوش کررہے ہیں۔ روبی بھی ایک ماں کو کیا کردار ادا کرنا چاہئے، سیکھ چکی ہے، نوزائیدہ بچھڑے کی گردن اور پیر لمبے ہورہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید