پاکستان کرکٹ بورڈ نے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کروانے کے لیے حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کا ایک ٹیسٹ میچ فیصل آباد میں کروانے کا ابتدائی پلان تیار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی میزبانی راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ فیصل آباد اور تیسرا راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ چیمپیئنز ون ڈے کپ کروانے کی وجہ مستقبل میں فیصل آباد کو انٹرنیشنل اور پی ایس ایل کی میزبانی دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی لاہور اور کراچی میں شائقینِ کرکٹ کی اسٹیڈیمز میں عدم دلچسپی سے پریشان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد میں چیمپیئنز ون ڈے کپ مکمل ہونے کے بعد ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، پی سی بی فیصل آباد میں زیادہ تماشائیوں کی آمد کی امید رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصل آباد کے بعد گجرانوالہ میں کرکٹ کی واپسی پر بھی نظریں مرکوز کر دی ہیں.