وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ ) بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے، دہشت گردی میں ملوث سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے انہیں عدالت میں پیش کرکے مقدمات چلائے جائیں۔ پاکستان کی سالمیت و قومی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے رہنما اوراوور سیز پاکستان ویلفیئر کشمیر کے صدر امجد امین بوبی اور جنرل سیکرٹری ساوتھ ریجن یو کےحاجی محمد منیر بھٹی نے لندن میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز سے ملاقات اور روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کمیونٹی رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور ملک کے قومی اداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور قومی خود مختاری کو مدنظر رکھتے ہوئے افواج پاکستان کا ساتھ دیں۔ کمیونٹی رہنما وٹفورڈ نے کہا کہ اوور سیز کشمیر ی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔امجد امین بوبی اور حاجی محمد منیر بھٹی نے کہا کہ ملک میں بلوچستان سمیت جو بھی دہشت گردی ہورہی ہے اس میں بھارت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے بلوچستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے ۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغانستان کی سر زمین استعمال کر رہا ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی سیکورٹی کی ناکامی ہے۔ان واقعات پر بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری سخت پریشان ہیں، حکومت پاکستان ان واقعات کا فوری سد باب کرے،کمیونیٹی رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے شاہراہوں پر سیکورٹی فورسز تعینات کی جائیں ۔ انہوں نے لندن میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دورہ وٹفورڈ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔