بھارت کے دارالحکومت دہلی میں خاتون نے چوتھی بیٹی کی پیدائش پر اسے دودھ پلاتے ہوئے گلا گھونٹ کر مار دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں ایک 28 سالہ خاتون نے اپنی نومولود بیٹی کو دودھ پلاتے ہوئے اس کا گلا گھونٹ دیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
خاتون 4 بیٹیوں کی پیدائش کے بعد فرسودہ سماجی دباؤ کی وجہ سے مایوسی کا شکار تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نومولود کی لاش برآمد کرکے خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مغربی دہلی کے کھیاہ پولیس اسٹیشن کو جمعہ کی صبح ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ چھ دن کی ایک بچی لاپتہ ہو گئی ہے۔
پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور ماں سے بات کی تو ماں نے بتایا کہ اسے جمعرات کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا اور وہ اپنے والدین کے گھر گئی تھی، اس نے رات دیر سے بچی کو دودھ پلایا اور سو گئی۔ جب وہ جاگی تو بچی اس کے پاس نہیں تھی۔
پولیس نے نومولود کی تلاش کے لیے محلے کے سی سی ٹی وی کیمرے چیک کرنے شروع کیے تو اس دوران خاتون نے پولیس سے کہا کہ وہ اسپتال جانا چاہتی ہے جس پر پولیس کو خاتون پر شک ہوا مگر اسے اسپتال جانے دے دیا گیا۔
اس دوران پولیس کو خاتون کے پڑوسیوں کے گھر کی چھت پر ایک بیگ ملا جس میں نومولود بچی موجود تھی۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس نے ماں کے رویے کو مشکوک پایا اور اس سے پوچھ گچھ کی، جس پر خاتون نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی بیٹی کو قتل کیا ہے۔
خاتون نے کہا کہ نومولود اس کی چوتھی بیٹی تھی، جن میں سے دو پہلے ہی انتقال کر چکی تھیں۔
کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کو بیٹی کی پیدائش پر شدید سماجی دباؤ کا سامنا تھا۔ بچی کو دودھ پلاتے ہوئے، وہ ان خیالات میں گم ہو گئی اور بچی کا گلا گھونٹ دیا اور پھر اسے ساتھ والی چھت پر پھینک دیا۔ جس کے بعد وہ سو نہیں سکی اور سمجھ نہیں آئی کہ وہ خاندان والوں کو کیا بتائے، اس لیے بچی کے لاپتہ ہونے کی کہانی بنائی۔
پولیس کی جانب سے نومولود کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے تاکہ ماں کے بیان کی تصدیق کی جا سکے اور موت کی اصل وجہ جان سکیں۔