• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کمیونٹی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے، تعاون کریں گے، ڈاکٹر محمد فیصل

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹرمحمد فیصل نے برطانیہ اور بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں سے کہا ہے کہ ان کے پاس پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کے علاوہ دوسرے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قونصلیٹ گلاسگو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے نہ صرف آپ کو بہترین منافع مل سکتا ہے بلکہ اپنے آبائی وطن اور اس کے عوام کی خدمت بھی ہوسکتی ہے۔ پاکستان سے بے شمار اشیاء منگوائی جا سکتی ہیں۔ ڈاکٹرمحمد فیصل نے پاکستانی والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی نئی نسل کا پاکستان سےرشتہ جوڑے رکھیں، ان کو پاکستان کے دورے کرائیں، یہ بچے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے اور پاکستان ہائی کمیشن اس سلسلے میں ہرممکن تعاون مہیا کرے گا۔ اس سوال پر کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کرلئے جاتے ہیں، ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اس طرح کے واقعات حکومت کے علم میں ہیں اور ایسے افراد کے ساتھ بڑی سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن اور دیگر ادارے بھی اس سلسلہ میں بھرپور کام کررہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے جانے اور دہری نیشنلٹی والے افراد کو پاکستان میں الیکشن لڑنے کی اجازت دیئے جانے پر کہا کہ ہم آپ کا یہ مطالبہ حکومت پاکستان تک پہنچا دیں گے۔ تقریب سے پارلیمنٹری سیکرٹری ڈاکٹر زبیر احمد ایم پی نے بھی خطاب کیا۔ بعض افراد نے پاکستان میں موبائل فون لے جانے پر وہاں ٹیکس لگانے پر بھی سخت اعتراض کیا اور کہا کہ وہ پاکستانی جو کہ اپنے آبائی ملک کو اربوں ڈالر کا زرمبادلہ دے کر نہ صرف لاکھوں کروڑوں خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں پاکستان پہنچنے پر ان کو مختلف طریقوں سے پریشان کیا جاتا ہے۔ تقریب میں موجود کئی کشمیریوں اور پاکستانیوں نے مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر محمدفیصل نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے کے حل کے لئے سفارتی طور پر پوری طرح متحرک ہے۔ ابھی حال ہی میں کیمرون میں ہونے والی او آئی سی کی کانفرنس میں یہ مسئلہ پوری طرح اجاگر کیا گیا تھا۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر موجود ہے، ہماری پوزیشن پوری طرح مضبوط ہے۔ اور اس میں قطعی طور پر کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بھارت کی طرف سے کئے جانے والے چند یک طرفہ اقدامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ماضی میں بھی 1954میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کرا کر اپنی طرف سے مسئلہ کشمیری کو ختم کردیا تھا، لیکن یہ صرف اس کی خوش فہمی تھی، مسئلہ کشمیر آج بھی پوری شدت کے ساتھ موجود ہے۔ اور اس کا واحد دیرپا حل کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینا ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کے قونصل جنرل رانا ثمر جاوید نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی مقامی معاشرے کی ترقی میں ایک شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔ بیلی کونسلر حنیف راجہ، ڈاکٹر جاوید گل، سید خورشید بخاری، سید ناصر جعفری، ایبروبن کے کونسلر توقیر احمد، رانا عاصم،سالیسٹر امتیاز احمدمرزا امین، ڈنڈی سے ملک بشر احمد اور رانا نوید علی کے علاوہ مختلف افراد نے سوالات پوچھے۔

یورپ سے سے مزید