• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل فلاڈیلفی راہداری سے فوج ہٹانے پر آمادہ

فلاڈیلفی راہداری --- فائل فوٹو
فلاڈیلفی راہداری --- فائل فوٹو

اسرائیل نے مصر غزہ سرحد پر فلاڈیلفی راہداری سے فوج ہٹانے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

اسرائیلی مذاکرات کاروں نے ثالثوں کو بتایا کہ وہ یرغمالیوں کے معاہدے کے دوسرے مرحلے میں فلاڈیلفی کوریڈور سے مکمل واپسی کی حمایت کرتے ہیں۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے گزشتہ روز کہا تھا کہ راہداری پر غیر معینہ مدت تک اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار رکھنی ہو گی، اسرائیلی فوج نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں آپریشن کو توسیع دینے سے یرغمالیوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔

فلاڈیلفی کوریڈور سے اسرائیلی فوج کو واپس بلانا نیتن یاہو کے لیےانا کا مسئلہ بن گیا تھا، نیتن یاہو کے دعوؤں کے باوجود اسرائیل مذاکرات کار راہداری سے اسرائیلی فوج کی مکمل واپسی کی حمایت کر رہے ہیں۔

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی مذاکرات کاروں نے حالیہ دنوں میں ثالثوں کو بتایا کہ یرغمالیوں کے معاہدے کے دوسرے مرحلے میں فلاڈیلفی کوریڈور سے مکمل واپسی کی حمایت کرتے ہیں، جب کہ نیتن یاہو کہہ چکے ہیں کہ راہداری پر غیر معینہ مدت تک اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار رکھنی ہو گی۔

ایک عرب سفارت کار نے اسرائیلی اخبار کو بتایا کہ نیتن یاہو کی پریس کانفرنس سے چند گھنٹے پہلے موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا فوری طور پر دوحہ پہنچے تاکہ قطری وزیرِ اعظم کو مؤقف سے آگاہ کر سکیں۔

نیتن یاہو کے دفتر نے ان رپورٹس کی تردید نہیں کی بلکہ کہا کہ سیکیورٹی کابینہ نے ابھی تک معاہدے کے دوسرے مرحلے پر بحث نہیں کی ہے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورس نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ غزہ میں فوجی کارروائی کی کسی بھی توسیع سے یرغمالیوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل مصر نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے فلاڈیلفی کوریڈور پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے سے متعلق بیان کو مسترد کر دیا تھا۔

مصر کی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کے فلاڈیلفی کوریڈور پر تبصرے اسرائیلی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ہیں۔

مصر نے نیتن یاہو کو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ اعظم کے ان دعوؤں کو بھی مسترد کر دیا تھا جن میں مصر پر حماس کو فلاںیلفی کوریڈور سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی اجازت دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔

مصری وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جنگ کے دوران اپنے طرزِ عمل پر بڑھتی ہوئی تنقید سے اسرائیلی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے مصر پرالزام لگا رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید