• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گنڈاپور کو اپنا لیڈر نکلوانے کیلئے 15 کی جگہ 20 دن دیتی ہوں: عظمیٰ بخاری

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری ـــ فائل فوٹو
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری ـــ فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ کل جو ہوا اب مزید کسی جلسے کی اجازت دینے کی گنجائش نہیں رہی۔ 

جاری کیے گئے بیان میں عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو تقریریں، حرکتیں وہاں ہوئیں انسانوں کی تو نہیں، جانور ہی کر سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ جب جب نکلتے ہیں صرف فساد اور جلاؤ گھیراؤ ہی کر سکتے ہیں، میں نے کل کہا تھا کہ پاکستان مخالف تقریریں ہوں گی، کل اچکزئی صاحب نے بھی انہیں بدتمیز اور غیر منظم جماعت کہہ دیا۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کل امین گنڈا پور نے پھر لائن کراس کی اور پنجاب پر لشکر کشی کرنے کا عندیہ دیا، اُنہیں پنجاب پر لشکر کشی کا جو شوق آیا ہے وہ کر کے دیکھ لیں، خیبر پختون خوا کی پولیس جتنی مثالی ہے وہ تو آپ دیکھ ہی رہے ہیں، پنجاب پولیس والے نشئیوں کا نشہ بڑی جلدی اتار دیتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جو کل ہوا ہے کسی کو پشیمانی ہے اپنے فیصلوں پر؟ یہ ان کی تربیت ہے، یہ یہی کر سکتے ہیں، کیا سیاسی جماعتیں کرینیں لے کر چلتی ہیں؟

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس نے پنجاب پر لشکر کشی کرنی ہے وہ اپنے حلقے میں نہیں جا سکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ 12 سال میں خیبر پختون خوا میں ایک اسکول، ایک اسپتال اور ایک ترقیاتی کام بتانے کے قابل نہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے لوگ نکلے نہیں، خیبر پختون خوا پہنچا نہیں تو ہمارا کیا قصور ہے، ریاست اور حکومت سے مطالبہ ہے کل جو پی ٹی آئی کے جلسے میں ہوا اس کی معافی نہیں ملنی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، پنجابیوں کو اپنی عزت کروانی آتی ہے، غیرت پر سمجھوتا نہیں کرتے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختون خوا ہزار ارب روپے کا مقروض ہے اور وزیرِ اعلیٰ کو ہوش نہیں، ہمیں تو پٹواری کا طعنہ دیا جاتا ہے دوسروں نے تو نہ پٹواریوں اور نہ تعلیمی اداروں کو چھوڑا ہے، ان کی ایک اور 9 مئی کی تیاری ہے جو یہ لاہور میں آ کر کرنا چاہتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ، ادارے اور عام پنجابی صوبے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ لشکر کشی کرنے کے لیے ایک صوبہ دوسرے صوبے کو دھمکی دے رہا ہے، آپ پاکستان کے ساتھ آخر کرنا کیا چاہتے ہیں؟

اُنہوں نے مزید کہا کہ گنڈاپور نے 15 دن میں اپنا لیڈر باہر لانا ہے، میں اُنہیں 20 دن دیتی ہوں نکلوائیں لیڈر کو باہر۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ یہ ٹی ٹی پی کو بھتہ دے کر جیتے، بانیٔ پی ٹی آئی کیا بکری چوری کیس میں اندر ہیں؟ ان کے اوپر کیس کس طرح کے ہیں خود دیکھ لیں۔

قومی خبریں سے مزید