بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت کا ممبئی کے علاقے باندرا پالی ہل میں واقع بنگلہ ایک با ر پھر میڈیا کی زینت بن گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چند برس قبل اداکارہ کا یہ بنگلہ ساخت میں بنیادی نوعیت کی خلاف ورزیوں کے باعث خبروں میں آیا تھا۔
اداکاری سے سیاست میں قدم رکھنے والی کنگنا رناوت حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ہیں، انہوں نے 7 سال قبل2017ء میں یہ بنگلا 20 کروڑ میں خریدا تھا، جس کی فروخت کی انہوں نے کامیاب ڈیل کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 ہزار سے زائد اسکوائر فٹ رقبے پر واقع اس بنگلے میں پارکنگ کےلیے 565 اسکوائر فٹ جگہ مختص ہے۔
دستاویز کے مطابق اداکارہ نے اپنے بنگلے کا سودا 5 ستمبر 2024ء کو کیا ہے، جس کےلیے 1 کروڑ 92 لاکھ کی اسٹامپ ڈیوٹی اور 30 ہزار کی رجسٹریشن فیس ادا کی ہے۔
دستاویز کے مطابق کنگنا رناوت نے باندرا پالی ہل کا یہ بنگلہ شویتا باتھیجا کو 32 کروڑ یعنی 12 کروڑ کے منافع پر فروخت کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے بھارتی پارلیمنٹ کی ممبر منتخب ہونے کے بعد اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرائی ہے، جس کے مطابق وہ 91 کروڑ سے زائد کی مالک ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ 28 اعشاریہ 7 کروڑ منقولہ جائیداد ہے جبکہ 62 اعشاریہ 9 کروڑ کی غیر منقولہ جائیداد ہے۔