دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) سفیرِ پاکستان سلجو ق مستنصر تارڑ نے کلِنگن ڈال انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تربیت پاکستان اور بنگلہ دیش سے آئے جونیئر سفارت کاروں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں بنگلہ دیش کے سفیر طارق محمد، ہالینڈ کی وزارتِ خارجہ اور کلِنگن ڈال انسٹی ٹیوٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بنگلہ دیشی سفیر طارق محمد نے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی اور بنگلہ دیشی سفارت کاروں کو کلِنگن ڈال انسٹی ٹیوٹ کے تربیتی ماحول سے پوری طرح سیکھنے کا مشورہ دیا۔اس موقع پر سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستان کی خارجہ سروس کے افسران کی استعداد کار کے بڑھانے میں کلِنگن ڈال انسٹی ٹیوٹ کے کلیدی کردار کا سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سفارت خانہ پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفادات کیلئے ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بنگلہ دیش اورپاکستان کے مابین قریبی تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف موضوعات پر کام کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔