آسٹریلیا میں نفرت پر مبنی جرائم سے متعلق نیا قانون متعارف کرادیا گیا، جس کے تحت کسی شخص کی ذات، جنس، نسل، مذہب یا جنسی رجحان کو نشانہ بنانے پر جرمانے سمیت جیل کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
آسٹریلیا کی مرکزی حکومت کی جانب سے نفرت انگیز جرائم کے خلاف نئے قانون کے تحت کسی گروپ یا شخص کے خلاف طاقت یا تشدد کے استعمال کی دھمکی دینے اور اگر کسی شخص کو خطرہ ہے کہ دھمکی پر عمل درآمد کیا جاسکتا ہے تو قصوروار شخص کو پانچ سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
اگر دھمکیوں سے حکومت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو مجرموں کو 7 سال قید ہو سکتی ہے۔
یہ بل ایسے وقت میں پیش کیا گیا ہے جب حکومت کو اسرائیل غزہ جنگ کے بعد نفرت کے واقعات میں اضافے کا چیلنج درپیش ہے۔ حکومت نے گزشتہ سال نازی سلامی اور دہشت گرد گروپ کی علامتوں کی عوامی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔