کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)عوامی خدمت گار تنظیم کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں محمد نعیم خلجی اور امیر داد خان الکوزئی کی قیادت میں گوالمنڈی چوک سے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد نعیم خلجی اور امیر داد خان الکوزئی نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ، مختلف تنظیموں ، جماعتوں اور لوگوں کی جانب سے آئے روز احتجاج کے نام پر بین الصوبائی اور قومی شاہراہوں کو بلاک کرکے احتجاج کیا جاتا ہے جس سے کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے جبکہ ہڑتال کی وجہ سے تاجروں و دکانداروں کو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے ۔ ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج کے سربراہ اس چیز کا نوٹس لیں اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ احتجاج کرنے والوں کے لئے کوئی ایک مقام یا جگہ مختص کریں تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں ،آئے روز کے احتجاج اور ہڑتالوں نے غریب لوگوں ، دیہاڑی طبقے کی زندگی اجیرن بنادی ہے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا سدباب کرے ۔