پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان ہوں یا کوئی اور، حکمراں جو بھی فیصلے کریں، اللّٰہ تعالیٰ اور آخرت کو سامنے رکھ کر کریں، میں نے کچھ عرصہ قبل فیصلہ کر لیا تھا کہ اب میں صرف اصولوں کی بنیاد پر سیاست پر بات کروں گا، واقعات کی بنیاد پر سیاست پر تبصرہ نہیں کروں گا۔
ٹورنٹو میں حمزہ علی عباسی کی کتاب ’مائی ڈسکوری آف گاڈ، اسلام اینڈ ججمنٹ ڈے‘ کی رونمائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے آرگنائزر خالد صدیقی، احمر فاروقی، اکبر نعیم، فرحان خان، کونسلر سیمی اعجاز، ارکانِ کینیڈین پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد اور شفقت علی نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
اس دوران حمزہ علی عباسی نے کہا کہ اللّٰہ کے سامنے سب سے زیادہ جوابدہی حکمرانوں کی ہو گی، میں نے سیاست کو بہت قریب سے دیکھا ہے، پاکستان میں سیاسی فیصلے کرتے وقت یہ نہیں دیکھا جاتا کہ صحیح کیا ہے؟ غلط کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ دُنیا بڑی بے رحم ہے، زندگی میں ہر چیز قابو میں نظر آتی ہے مگر موت کے بعد بڑے بڑے لوگوں کو بُھلا دیا جاتا ہے، ہم سب کو آخرت کی فکر کرنی چاہیے۔
حمزہ علی عباسی نے یہ بھی کہا کہ مجھے دین کو سمجھنے میں کئی سال لگے ہیں اور میں نے دین کو سوالات کی بنیاد پر سیکھا ہے۔