• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
صدر ازالی اسومانی --- فائل فوٹو
صدر ازالی اسومانی --- فائل فوٹو

سعودی عرب نے مشرقی افریقی ملک کوموروس کے صدر ازالی اسومانی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کومو روس (جزائر القمر) کی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کے پیشِ نظر اس کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کوموروس کے صدر کی جلد صحت یابی، ملک کے عوام کی سلامتی، استحکام اور خوش حالی کے لیے نیک تنماؤں کا اظہار کیا ہے۔

ادھر کوموروس کے صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ازالی اسومانی کو چاقو حملے میں سنگین نوعیت کی چوٹیں نہیں آئیں اور وہ طبی امداد کے بعد گھر منتقل ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعے کے دن ایک مذہبی رہنما کے جنازے میں شرکت کے دوران صدر ازالی اسومانی پر چاقو سے حملہ ہوا،  اس حملے میں صدر معمولی زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ازالی اسومانی کو بچاتے ہوئے ایک شہری بھی زخمی ہوا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوموروس کے صدر پر حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں، تاہم حملہ آور 20 سالہ سابق پولیس اہلکار کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ازالی اسومانی نے رواں برس مئی میں چوتھی مدت کے لیے کوموروس کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید