• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اپنے بچوں کیلئے جائیداد نہیں چھوڑنا چاہتا: ہارون شاہد


پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مقبول اداکار ہارون شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے جائیداد نہیں چھوڑنا چاہتے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اداکار نے ساتھی اداکار کامران جیلانی کے ہمراہ بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت اور انہیں ہنرمند بنانے پر زور دیا۔

اداکار کا کہنا ہے کہ میں آپ کو سچ بتا رہا ہوں، اس حوالے سے میں اپنی اہلیہ سے بھی بات کرتا ہوں کہ میں واقعی اپنے بچوں کے لیے اپنی کوئی جائیداد نہیں چھوڑنا چاہتا، مجھے اس حوالے سے کوئی ٹینشن بھی نہیں ہے میرے بعد میرے بچوں کا کیا ہوگا۔

ہارون شاہد نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں صرف ان کو اچھی معیاری تعلیم و تربیت دینا چاہتا ہوں تاکہ کل کو اگر میں نہ رہوں یا اس قابل نہ ہوں تو یہ اپنے دم پر اپنی زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ وہ فرمانبردار لوگ بنیں جو دوسروں کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔ ہم نے زندگی میں بہت سے مالی طور پر مستحکم لوگوں کو دیکھا ہے، جنہوں نے اپنی جائیدادیں کھو دیں کیونکہ چیزیں ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی ہیں۔

اداکار کے مطابق وہ لوگ کوئی ہنر نہیں جانتے تھے یا ان کے پاس تعلیم نہیں تھی کہ جائیدادیں کھونے کے بعد دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں، تو وہ ڈپریشن کے مریض بن گئے کیونکہ ان کے پاس پیسہ ختم ہوگیا اور پھر ان کے پاس پیسہ کمانے کا کوئی راستہ نہیں رہا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جائیدادیں چھوڑنے کے بجائے اپنے بچوں کو اس معاشرے میں جینا اور زندہ رہنے کا طریقہ سکھائیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید