معروف اداکارہ عائشہ عمر کے ڈیٹنگ ریئلٹی شو لازوال عشق کے ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور بائیکاٹ مہم شروع ہوگئی، جس کے بعد پیمرا نے بھی معاملے پر وضاحت جاری کردی۔
شو کے ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ شو میں چار مرد اور چار خواتین ایک پرتعیش ولا میں اکٹھے رہیں گے اور ان کی تمام سرگرمیاں ریکارڈ ہوں گی، عائشہ عمر نے ٹیزر میں بتایا کہ شو کا مقصد لازوال محبت کی تلاش اور اس سفر میں پیش آنے والی جذباتی آزمائشوں کو دکھانا ہے۔
ترکی کے مقبول ریئلٹی شو عشق آداسی (Love Island) سے متاثر ہو کر بنائے گئے اس پروگرام کو اردو ناظرین کے لیے ڈیٹنگ ریئلٹی فارمیٹ کا پہلا تجربہ قرار دیا جا رہا ہے، یہ شو یوٹیوب پر خصوصی طور پر نشر ہوگا اور تقریباً 100 اقساط پر مشتمل ہوگا۔
معاملے پر سوشل میڈیا پر شدید بحث جاری ہے، صارفین نے شو کو غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے اس پر پابندی لگانے کی اپیل کی، جبکہ دیگر نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پیمرا نے عوامی ردعمل پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شو صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھایا جارہا ہے، ٹی وی چینلز پر نشر نہیں ہو رہا، لہٰذا یہ پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، پیمرا کے قواعد و ضوابط کا اطلاق اس پر نہیں ہوتا۔