• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شو پر تنازع کھڑا ہونے کے بعد عائشہ عمر کی وضاحت آگئی

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے اپنے شو لازوال عشق پر ہونے والی تنقید پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈیٹنگ شو نہیں بلکہ رشتہ ازدواج پر مبنی ریئلٹی پروگرام ہے۔

ایک خصوصی گفتگو میں عائشہ عمر نے بتایا کہ بعض میڈیا اداروں نے شو کے تصور کو غلط انداز میں پیش کیا ہے اور یہ تاثر دیا ہے کہ یہ مغربی فارمیٹ سے متاثرہ ڈیٹنگ شو ہے، جو کہ درست نہیں۔

عائشہ عمر کے مطابق شو کا اصل مقصد نوجوانوں کے درمیان معنی خیز بات چیت، تعلقات کی سمجھ اور شادی کے لیے موزوں ساتھی تلاش کرنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ یہ پاکستانی ڈیٹنگ شو ہے، یہ بالکل بھی ڈیٹنگ کے بارے میں نہیں، بلکہ زندگی کا ساتھی تلاش کرنے پر مبنی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ شرکاء ایک ولا میں رہیں گے مگر انتظامات مقامی اقدار کے مطابق ہوں گے، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ فلورز اور ڈورمز رکھے گئے ہیں جبکہ صرف لاؤنج، کچن اور پول سائیڈ مشترکہ ہوں گے جہاں وہ ایک دوسرے سے گفتگو کریں گے۔

عائشہ عمر نے اس شو کو ایک سماجی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں یہ دکھایا جائے گا کہ نوجوان کس طرح بات چیت کرتے ہیں، کہاں غلطی کرتے ہیں اور کس طرح انہیں درست کرتے ہیں۔

ان کے مطابق شو میں پہلے سے کوئی جوڑے طے نہیں ہیں بلکہ شرکاء آپس میں میل جول کے ذریعے قدرتی طور پر تعلقات بنائیں گے، جس کا مقصد شادی ہوگا۔

شو کے فارمیٹ میں مختلف کمیونیکیشن بیسڈ گیمز اور ٹاسکس شامل ہوں گے، جبکہ اسے ترکی میں ایک پرتعیش ولا میں فلمایا گیا ہے۔

یہ ریئلٹی شو یوٹیوب پر خصوصی طور پر نشر کیا جائے گا، ٹی وی پر نہیں، اس کے تقریباً 100 اقساط ہوں گی، جس میں مقابلے، اتحاد، اختلافات اور جذباتی اتار چڑھاؤ شامل ہوں گے اور آخر میں ایک وننگ کپل کا انتخاب کیا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید