• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایف ایف انتخابات: حاجی اعظم خان سندھ فٹ بال کے صدر منتخب ہوگئے

حاجی اعظم خان ۔ فوٹو: فائل
حاجی اعظم خان ۔ فوٹو: فائل

حاجی اعظم خان سندھ اور ظاہر شاہ خیبر پختونخوا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوگئے۔ 

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے صوبائی الیکشن کا پہلا مرحلہ جمعرات کو مکمل ہوگیا جس میں سندھ کے 21 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے الیکشن میں 22 اضلاع سے منتخب صدور شریک ہوئے۔ 

لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے پی ایف ایف صوبائی الیکشن کے موقع پر امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جس میں علی بہار بروہی کے سندھ پینل اور ناصر کریم پینل کے انور مغل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔

اس مقابلے میں اعظم خان نے ایک ووٹ کی برتری سے فتح حاصل کی۔ 12 کے مقابلے میں 13ووٹ لیکر  وہ صدر منتخب ہوگئے، سندھ پینل نے کلین سوئپ کامیابی حاصل کی۔ 

دیگر کامیاب ہونے والے عہدیداروں میں خازن محمد صدیق، سینئر نائب صدر حاجی جلال، نائب صدور کفافت اللہ، داؤد شاہ، فیض محمد، مشتاق مگسی اور جاوید سومرو شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا کے صدارتی انتخابات میں کے پی کے کرنل (ر) نعمان کو شکست ہوئی۔ 

 دریں اثناء پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی انتخابات میں سندھ، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر کے 4 ڈسٹرکٹ صدور نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ اسلام آباد کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں الیکشن کل ہوگا، جبکہ نتائج کا اعلان دو روز بعد الیکشن کمشنر کی جانب سے کیا جائے گا۔

نتائج کے بعد 5 روز میں امیدوار نتائج سے متعلق اپنے تحفظات کیلئے اپیل کرسکیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید