کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل( ڈی آئی جی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون کراچی اصغر علی یوسف زئی نے اوورلوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایکسائز اورنگزیب اکبر، ایڈیشنل سیکریٹری ٹرانسپورٹ حفیظ رضا، ڈائریکٹر جنرل( ڈی جی) مائنز اینڈ منرلز محمد ذوالفقار اور ایس پی موٹروے پولیس عتیق الرحمٰن نے شرکت کی۔ اجلاس میں شاہراہوں اور موٹرویز پر اوورلوڈنگ کا مسئلہ حل کرنے پر تبادلہ خیال اور فیصلہ کیا گیا کہ اوورلوڈ گاڑیوں کے روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفیکیٹ منسوخ کردیے جائیں۔