پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے مزید 5 رہنماؤں اور کارکنوں کی نظر بندی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی پنجاب کے 5 رہنماؤں اور کارکنوں کی نظربندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جن میں انجینئر یاسر گیلانی، ملک افضل، فضل خان، عامر گیلانی اور فضل داد خان شامل ہیں۔
پانچوں افراد کو 30 دن کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، نظر بندی کا فیصلہ ایس پی سٹی اور انچارج ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس برانچ کی رپورٹ پر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ افراد اپنے ایجنڈے اور ذاتی مقاصد کےلیے شہریوں کے جذبات سے کھیل سکتے ہیں، یہ افراد شر پسند تقریروں سے امن و امان کی صورتحال کو خراب کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو کل ایس او پیز کے ساتھ جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، لیکن جلسے کی جگہ مینار پاکستان کے بجائے کاہنہ مقرر کی گئی ہے۔