شوگر ملز ایسوسی ایشن نے شوگر ملوں کی موجودہ مالی حالت کے بارے میں تفصیلات جاری کر دیں۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملیں 3 ماہ کے قلیل عرصے میں 12 ماہ کی چینی تیار کرتی ہیں۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ملوں کو گنے کی ترسیل کے 15 دن کے اندر تمام کاشتکاروں کو ادائیگیاں کرنا ہوتی ہیں، سال بھر کی چینی کی 3 ماہ کے اندر ادائیگی کے لیے اتنی بڑی رقم کا انتظام کرنا ممکن نہیں ہے۔
مراسلے کے مطابق شوگر ملوں کے لیے 30 ستمبر تک بینکوں کے تقریباً 200 ارب روپے کے بقایاجات کلیئر کرنا ناممکن ہے، انڈسٹری کو اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت پر بقایاجات کی ادائیگی ممکن ہو پائے گی۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اضافی اسٹاک کے باعث شوگر ملوں کے لیے آئندہ کرشنگ سیزن شروع کرنا مشکل ہوجائے گا۔
مراسلے کے مطابق شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے مسائل کم ہوں گے، کاشتکاروں اور صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔