برسلز (حافظ اُنیب راشد) پاکستان فورم لکسمبرگ (PFL) کے زیر اہتمام ثقافتی دن کا اہتمام کیا گیا ۔ یہ تقریب دیار غیر میں ثقافتی تبادلے اور پاکستان کے متنوع ورثے کو دکھانے کا شاندار پلیٹ فارم بن گیا ہے جس میں لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن اور یہاں کی مقامی کمیونٹی نے شرکت کی ۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے ناظم الامور سید فراز زیدی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے منتظمین کو اس تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین اور مبارکباد پیش کی۔ خطاب میں فراز زیدی نے تقریب کے انعقاد میں پاکستان فورم لکسمبرگ کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے نوٹ کیا کہ یہ دن پاکستان کی بھرپور ثقافت کو لکسمبرگ کے لوگوں کے ساتھ بانٹنے کا ایک قیمتی موقع فراہم کر رہا ہے جو باہمی افہام و تفہیم اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر شرکائے تقریب روایتی پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے جہاں کھانے کے اسٹالز پر لذیذ سالن، مختلف میٹھی ڈشز اور علاقائی پکوانوں کی ایک رینج پیش کی گئی تھی جو ہماری ثقافت میں ایک مستند پکوان کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔ اس تقریب میں ہاتھ سے بنے فنون اور دستکاری کی نمائش کرنے والے اسٹالز بھی شامل تھے جن میں ٹیکسٹائل، مٹی کے برتن اور زیورات پیش شامل تھے۔ یہ تخلیقات پاکستان کی شاندار فنی روایات کی عکاسی کرتی ہیں جو حاضرین کو ان کاموں کے پیچھے موجود دستکاری اور ثقافتی اہمیت کو سراہنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ تقریب میں شریک خاندان اور بچے کارنیوال طرز کے کھیلوں اور سرگرمیوں میں مصروف رہے جب کہ روایتی پاکستانی موسیقی پر مشتمل میوزک پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔سفارت خانہ پاکستان کے مطابق پاکستان فورم لکسمبرگ خطے میں پاکستانی ثقافت اور ورثے کے فروغ کیلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔ تقریب نے پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان پُل تعمیر کرنےکیلئے بامعنی اقدام کیا۔