تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ حزب اللہ تنہا اسرائیل کے خلاف کھڑے ہونے کے قابل نہیں، ہمیں لبنان کو ایک اور غزہ میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے، دنیا کو ایکشن لینا چاہیے تاکہ صورتحال علاقائی تنازع کی طرف نہ بڑھے، انہوں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اقوام متحدہ کی اسرائیل کے خلاف "بے عملی" کی مذمت کرتے ہوئے اسے "احمقانہ اور ناقابل فہم" قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران بھی انہوں نے بے عملی کو احمقانہ اور ناقابل فہم قرار دیا ،ایرانی صدر نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا ، ان خیالات کا اظہار ایرانی صدر نے سی این این کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو اور اپنی ایک پوسٹ میں کیا ۔ انٹرویو کے دوران پزشکیان نے کہا حزب اللہ اکیلے کسی ایسے ملک کا سامنا نہیں کر سکتی جسے مغربی و یورپی ممالک اور امریکا نہ صرف ہتھیار فراہم کررہے ہوں بلکہ اس کا دفاع اور حمایت بھی کررہے ہوں ۔