اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابقہ خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سے متعلق دائر کی گئی درخواست نمٹا دی۔
درخواست پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی ایس پی لیگل کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پولیس رپورٹ پیش ہونے پر درخواست نمٹا دی۔
اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی پر تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ ہے جو کہ 6 جون 2023ء کو درج کیا گیا، ایک ہی کیس تھانہ کوہسار میں پہلے کا درج ہے جو یہاں بینچ 5 میں چیلنج ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ارشد کیانی نے کہا کہ بشریٰ بی بی پر ایف آئی اے میں توشۂ خانہ کیس 3 بھی درج ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ عدت کیس میں بری ہونے کے بعد نیب نے گرفتار کر لیا تھا۔
اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ جو بھی مزید کیس ہو گا اسٹیٹ کونسل بتائیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے کیسز کی تفصیلات فراہمی پر بشریٰ بی بی کی کی درخواست نمٹا دی۔